مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے باکو پہنچنے پر آذربائیجان کی قومی اسمبلی کے نائب اسپیکر موسی قاسملی سے ملاقات کے دوران کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر امید ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمانوں کی یونین (PUIC) کا اجلاس اسلامی ممالک کے درمیان مزید انسجام اور اتحاد کا باعث بنے گا۔
قالیباف نے آذربائیجان کے عوام اور قومی اسمبلی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصروفیات کے باوجود اس اجلاس میں شرکت کو رکن ممالک، بالخصوص جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کے استحکام کا ایک اہم موقع سمجھتے ہیں۔
انہوں نے محرم الحرام کے ایامِ سوگ کی آمد پر آذربائیجان کے عوام سے تعزیت بھی کی۔
اس موقع پر موسی قاسملی نے کہا کہ آذربائیجان اپنے پڑوس میں جنگ کا ہرگز حامی نہیں ہے، کیونکہ ہمسایہ ملک میں عدم استحکام کے اثرات دیگر ممالک پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوشحالی، امن اور ترقی حسنِ ہمسائیگی اور باہمی تعاون میں پوشیدہ ہے، جبکہ ایران اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
آذربائیجان کی قومی اسمبلی کے نائب اسپیکر نے زور دے کر کہا کہ آذربائیجان کی سرزمین کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام اتحاد، بھائی چارے اور تعاون کا درس دیتا ہے اور ماہِ محرم بھی امتِ مسلمہ کے اتحاد کی ایک اہم علامت ہے۔
موسی قاسملی نے حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور قیامِ امن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قالیباف کی اس اجلاس میں شرکت دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں مؤثر ثابت ہوگی۔
آپ کا تبصرہ